بالی ووڈ جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے بالآخر دیوالی پر بیٹی دعا کا چہرہ دکھا ہی دیا، بچی کی والدین کے ساتھ دل موہ لینے والی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہیں جنہوں نے سب کے دل جیت لیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کے پاس دیوالی پر مداحوں کے لیے سب سے بہترین تحفہ یہی تھا، اداکار جوڑے نے مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی بیٹی دعا پڈوکون سنگھ کے چہرے کی نقاب کشائی کی۔
دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر میں دعا پڈوکون سنگھ مسکراتی ہوئی نظر آئیں۔
خوبصورت تصاویر میں دعا مسکراتی ہوئی اور اپنی چھوٹی سی انگلی منہ میں پکڑے ہوئے نظر آئیں، ماں دیپیکا نے انہیں اپنی بانہوں میں لیا ہوا ہے جبکہ رنویر ساتھ کھڑے مسکرا رہے ہیں۔
دعا دیوالی کے لیے ایک چمکیلا سرخ لباس پہنے ہوئے ہیں، جبکہ ان کی والدہ دیپیکا نے بھی ان کی میچنگ کا سرخ لباس اور زیورات زیبِ تن کیے، رنویر سفید کرتے پاجامے میں نظر آئے۔
آخری تصویر میں دعا کو دیپیکا کی گود میں بیٹھے ہوئے دکھایا گیا، جہاں ماں اور بیٹی دونوں گھر پر دیوالی کی تقریبات کے دوران دعا کر رہی تھیں۔
دیپیکا اور رنویر کی مشترکہ پوسٹ کے کیپشن میں دیوالی کی مبارکباد دی گئی ہے۔
تصویر پر اداکارہ اننیا پانڈے نے کمنٹ کیا ’اوہ مائی گاڈ‘۔
کئی دیگر مداحوں نے تبصرہ کیا کہ دعا تصاویر میں کتنی پیاری لگ رہی ہیں، مداحوں کی جانب سے تینوں کو دیوالی کی مبارکباد بھی دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دیپیکا اور رنویر نے 2018ء میں شادی کی تھی جبکہ اپنی بیٹی کا استقبال 8 ستمبر 2024ء کو کیا تھا۔
اس جوڑے نے گزشتہ دیوالی پر اپنی بیٹی کا نام دعا پڈوکون سنگھ ظاہر کرتے ہوئے اسے دنیا سے متعارف کرایا تھا۔