کراچی (نیوز ڈیسک)غزہ میں اسرائیلی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری، مزید 13 فلسطینی شہید، امریکاپیشرفت سے مطمئن ، امریکی ایلچی وٹکوف نے جنگ بندی کو توقعات سے بہترقرار دیدیا، واشنگٹن کی مداخلت کے باوجود بحران برقرار ، فلسطینی مایوسی کا شکار،غزہ میں روزمرہ زندگی بحال نہ ہو سکی، عوام سیاسی بیانات سے تنگ آگئے،امریکا اور اتحادیوں کی سفارتی سرگرمیاں ،نیتن یاہو پر دباؤ،صدرٹرمپ اورنائب صدر وینس نے حماس کو نئی دھمکیاںدی ہیں۔ نیتن یاہو نے مصر ی انٹیلی جنس سربراہ سے ملاقات کی ہے۔جبکہ جیرڈ کُشنر نے حماس کے زیرِ اثر علاقے خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیرِ نو فنڈز صرف ان علاقوں میں خرچ کیے جائیں گے جو اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں ہیں۔غزہ میں جنگ بندی کے باوجود انسانی بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے، جب کہ اسرائیلی افواج کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں مزید درجنوں فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ امریکی اور علاقائی سفارتی کوششوں کے باوجود امدادی سامان کی فراہمی ناکافی ہے — ۔عالمی ادارۂ خوراک (WFP) کے مطابق غزہ میں صرف دو گزرگاہیں کھلی ہیں، اور روزانہ 2,000 ٹن امداد کے ہدف کے مقابلے میں صرف محدود مقدار پہنچ رہی ہے۔امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ بندی توقعات سے بہتر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔