اسلام آباد ( طاہر خلیل، ممتاز علوی )الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نئی بلدیاتی قانون سازی کی وجہ سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے،الیکشن کمیشن نے حالیہ ترمیم شدہ پنجاب بلدیاتی قانون کے تحت انتخابی عمل کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن نےپنجاب گورنمنٹ کو حلقہ بندی اور ڈیمار کیشن رولز کی تکمیل کیلئے 4 ہفتوں کی مہلت دیدی۔پنجا ب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطا ن راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری ا لیکشن کمیشن ، سپیشل سیکرٹری ، سپیشل سیکرٹری لاء اور دیگر سینئرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ پنجاب اسمبلی نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025پاس کر دیا ہے۔ جس کی منظوری گورنر پنجاب نے دے دی ہے۔نئے ایکٹ کے اجراء کے ساتھ ہی پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 منسوخ کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022کے تحت جو حلقہ بندی کمیٹیوں ، اتھارٹیوں اور حلقہ بندی کے شیڈول کا نوٹیفکیشن کیا تھا اُسے واپس لینا چاہیے۔ مزید سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کو مراسلہ تحریر کیا ہے۔ جس میں اُنہوں نے کہا ہے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025منظور ہوگیا ہے۔ جس میں لوکل گورنمنٹس کا اسٹرکچر وغیر ہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔