سفارت خانہ پاکستان ناروے نے پاشا (پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن)، TEK-Norge، SMB Norge، ایس جی بی اور ڈیٹافورننگ کے تعاون سے 20 تا 24 اکتوبر اوسلو انوویشن ویک 2025 کا انعقاد کیا گیا۔
سفارت خانہ پاکستان ناروے کے احاطے میں منعقدہ کامیاب نیٹ ورکنگ پاکستان نائٹ کی اس تقریب میں 100 سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جن میں نائب وزیر صحت ڈاکٹر عثمان مشتاق، ترکش ایئر لائن کے جنرل مینیجر ناروے/ آئس لینڈ مسٹر یوفوک انال، ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر، سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس TEK-Norge Pal Wien Espen، مینیجر ڈیٹافورننگ Heidi Westbye Nyhus، SMB-Norge کے وائس چیئرمین یوسف گیلانی اور ڈائریکٹر برانڈ اینڈ گلوبل آؤٹ ریچ پاشا خضران خان، ترکش ایئر لائن کے سینئیر آفیسر رانا صدیق، صحافی برادری اور دیگر شامل ہیں۔
پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (پاشا) کا یہ وفد مسلسل تیسرے سال اوسلو انوویشن ویک (OiW) میں شرکت کر رہا ہے۔
سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے کہا کہ اوسلو انوویشن ویک 2025 میں 10ویں پاکستان ٹیک سمٹ نے پاکستان کے ٹیک ایکو سسٹم کے عالمی اثرات اور ٹیک لینڈ سکیپ میں بامعنی تعاون کی صلاحیت کے ثبوت کے طور پر کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیک سمٹ ایک بین الاقوامی ایونٹ سیریز ہے، جس کا مقصد پاکستان کی ٹیک انڈسٹری میں جدت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ ابھرتے ہوئے رجحانات کو دریافت کرنے، بصیرت کا اشتراک کرنے اور ٹیک ایکو سسٹم میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے سوچنے والے رہنماؤں، کاروباری افراد اور ٹیک کے شوقین افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ ناروے میں منعقدہ اوسلو انوویشن ویک ایک اہم تقریب ہے، جس میں تبدیلی کے کلیدی محرکات کے طور پر جدت اور ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ یہ جدید حل اور تعاون کے ذریعے مستقبل کو تلاش کرنے اور تشکیل دینے کے لیے عالمی ماہرین، کاروباری افراد اور سوچنے والے رہنماؤں کو اکٹھا کرتا ہے۔