کراچی (عبدالماجد بھٹی ) پاکستان کے نمبر ایک بیٹسمین بابر اعظم کوتقریباً دس ماہ بعد ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔ وہ روہت شرما کا سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں۔ بابراعظم نے 128 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں، انہیں اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی بننے کیلئے آٹھ رنز درکار ہیں۔ وہ 128میچز میں4223رنز بناچکے ہیں جبکہ روہت شرما نے 159 میچوں میں4231 رنز بنائے ہیں۔ گذشتہ سال دسمبر میں جب بابر اعظم کے ڈراپ کیے جانے کے بعد سے پاکستان ٹیم نے26 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلے،15 جیتے اور گیارہ ہارے ہیں ۔ سلمان علی آغا کی کپتانی میں اب تک پاکستانی ٹیم30میں سے17میچ جیت چکی ہے ، 13 میں شکست ہوئی۔ بابر اعظم نے جنوبی افریقا کیخلاف 13 میچوں میں 447 رنز بنائے ہیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 12 میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کی ہیں۔31 سالہ بابر اعظم نے پنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پچاس رنز بنائے تھے۔وہ 61 ٹیسٹ اور134 ون ڈے انٹر نیشنل کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ بابر اعظم کواس فارمیٹ میں لانے کیلئے فخر زمان کو ڈراپ کرایا گیا ہے۔