کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ اگلے سال کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے ایک اچھی سیریز ہے۔ پہلی ترجیح بیٹنگ کی طرف ہوتی ہے۔ ڈیتھ اوورز میں بولنگ میں بہتری کرنے کی ضرورت ہے، بیٹرز کو اسٹرائیک ریٹ پر کام کرنا ہے۔ پیر کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ سلیکشن میں کپتان سے نہ پوچھا جائے ۔ سلیکشن کمیٹی کپتان اور کوچ سے مشاورت کرتی ہے۔ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹرہیں ،ان کی موجودگی سے فائدہ ہوگا۔ وکٹ کیپر ایسا لیا ہے جو مڈل اوورزمیں اسپنر پر اچھا کھیل سکے۔ میری انفرادی کارکردگی حالیہ دو تین سیریز سے اچھی نہیں ، ٹیم کو جتوانے کی کوشش ہوگی۔ کوچ مائیک ہیسن مجھے پیغام نہیں بھیجتے، خود گراؤنڈ میں فیصلہ کرتاہوں، ضرورت پڑی تو بولنگ ضرور کروں گا۔ جو کچھ اب تک سیکھا ہے اسکو آگے لیجانا ہے ، جو غلطیاں کی ہیں ان پر قابو کرنا ہے۔ ٹیسٹ میچ میں غلطیوں کا نقصان ہوا۔ ایشیاکپ میں کافی کچھ سیکھا ہے۔ عبدالصمد، حسن نواز، محمد نواز پاورہٹنگ کیلئے استعمال ہوں گے، شارجہ میں ٹرائی نیشن سیریز، ایشیاکپ کا فائنل کھیلنا مثبت پوائنٹ ہے۔ پنک میچ پہلی بار ہورہا ہے، بہت پرجوش ہوں، میچ کیلئے دستیاب پندرہ کھلاڑیوں کو دیکھتے ہیں، جو موجود نہیں اس کو یاد کرنے کا فائدہ نہیں۔