کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن سیالکوٹ نے اسلام آباد کو311 رنز، پشاور نے ایبٹ آباد کو 247 رنز سے ہرادیا۔ کراچی بلوز اور لاہور وائٹس جبکہ بہاولپور اور ملتان کے میچز ڈرا ہوگئے ۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں بہاولپور دوسری اننگز میں 239 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سیف اللہ بنگش نے ناٹ آئوٹ 74 اور محمد عمار نے 68 رنز بنائے۔ علی عثمان نے 88 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان کو 279 رنز کا ہدف ملا تھا کھیل ختم ہونے پر اس نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے5 رنز بنائے تھے۔ ایبٹ آباد میں کراچی بلوز دوسری اننگز میں 360 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعد بیگ نے ٹورنامنٹ میں دوسری سنچری اسکور کی اور22 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 149 رنز بنائے۔ عثمان رحیم نے 77 رنز اسکور کیے۔ محمد عباس نے78 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ سعد بیگ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ عمران خان اسٹیڈیم پشاورمیں ایبٹ آباد کی ٹیم پشاور کے 462 رنز کے ہدف کے جواب میں 214رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ یاسرخان نے 97 رنز اسکور کیے۔ محمد عرفان اور نیاز خان نے تین تین وکٹیں لیں۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں اسلام آباد کو سیالکوٹ کیخلاف 468 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن وہ 156 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔