کراچی (اسٹاف رپورٹر)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر کیلاش وجے ورگیا نے آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کو ہی اپنے ساتھ نازیبا حرکت کا ذمہ دار ٹھہرادیا ۔2 روز قبل بھارتی شہر اندور میں آسٹریلیا کی 2 ویمن کرکٹرز کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا تھا۔ بی جے پی رہنما اور ریاستی وزیر کیلاش وجے ورگیا کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بہت مشہور ہوتے ہیں، خواتین کھلاڑیوں کا بغیر اطلاع باہر جانا غلطی تھی، اس واقعے سے وہ سبق حاصل کریں گی اور مستقبل میں احتیاط کریں گی۔ اگرچہ سیکیورٹی میں بھی کمی رہی، لیکن کھلاڑیوں نے کسی کو نہیں بتایا تھا۔ دوسری جانب کانگریس نے بیان کو بی جے پی کی سوچ کا عکاس قرار دیتے ہوئے کہا کہ پورا ملک اس واقعے پر سرمشار ہے۔