• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کےایگزیکٹیوز کااجلاس

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس صوبائی سینئر نائب صدر و ضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا ۔ اجلاس میں پشتونخوا وطن اور برصغیر پاک وہند کی آزادی کے عظیم رہنما خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 52 ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ میں مرکزی جلسہ عام کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پارٹی کے تمام کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ گھر گھر عوامی رابطہ مہم اور جلسہ عام کی کامیابی کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی چاروں تحصیلوں میں علاقائی کانفرنس کے شیڈول کا جائزہ لیا اور ضلع ایگزیکٹیوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ کانفرنسز کے جمہوری انداز میں بروقت انعقاد میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی ایگزیکٹیوز کے اراکین منان خان بڑیچ، صورت خان کاکڑ، حیات خان میرزئی، حضرت عمر ایڈووکیٹ، گل خلجی، اقبال بٹے زئی، حفیظ ترین، سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری آزاد خان خلجی نے شرکت کی ۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے افغان کڈوال اور پشتون عوام کے ساتھ انتظامیہ کے جاری طرز عمل کو قابل افسوس قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پولیس و ایگل سکواڈ کے اہلکارون کی جانب سے بچوں ، نوجوانوں کو دکانوں ، مارکیٹوں ، گھروں سے اٹھا کر لے جانا اور دستاویزات ہونے کے باوجود انہیں تنگ وہراساں کرنا ، بیدخلی کی دھونس و دھمکیاں اور رشوت طلب کرنے کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی اور مطالبہ کرتی ہے کہ آئی جی پولیس اس کا سختی سے نوٹس لیں اور ملوث پولیس افسران و اہلکاروں بالخصوص ایگل سکواڈ کے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے ۔ ڈی آئی جی پولیس کی بارہا ہدایات کے باوجود ایگل سکواڈ کی جانب سے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کے کاغذات کی چیکنگ اور تلاشی کے نام پر شہریوں کو تنگ اور پولیس تھانے لیجا کر تشدد کرنے سمیت سنگین جرائم کے کیسز میں نامزد کرنے اور بارڈر پاس کرانے کی دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے اور فارم 47 کی حکومت عوام کے مسائل سے بے خبر ہے اس کی ترجیحات میں عوامی مسائل کا حل نہیں بلکہ کرپشن ، کمیشن، اقرباء پروری کرنا ہے ۔ بنی بنائی سڑکیں کرپشن کے لیے توڑی جارہی ہیں اور جن علاقوں میں سڑکوں ، انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے وہاں کوئی کام نہیں کیا جارہا ۔ زرعی یونیورسٹی کی عمارت کو ایک پرائیویٹ ادارے کو کرایہ پر دیا گیا زراعت جیسے اہم شعبے جس سے ہزاروں طلباء کا مستقبل منسلک ہے اس یونیورسٹی کو فعال کرنے کی بجائے اس کی حیثیت کو ملیامٹ کرنا فارم 47 کی حکومت کی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتیں اب گلی محلوں کی سطح پر پہنچ گئی ہیں گھروں کے سامنے شہریوں کو لوٹا جارہا ہے ۔ ہزارگنجی  حاجی محمد غوث الکوزئی محلہ میں گزشتہ دنوں چوروں کی فائرنگ سے حاجی عبدالخالق اچکزئی اور بزرگ شہری مولوی منان شدید زخمی ہوئے اور اب تک اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ ان سے نقدی وغیرہ بھی چھینی لیکن شالکوٹ پولیس تھانہ نہ ایف آئی درج کررہی ہے اور نہ ہی اب تک ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ اسی طرح شہر بھر منشیات کے عادی افراد گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں سے بیٹریاں ، سائیڈ شیشے و دیگر اشیاء چوری کرنے کے ساتھ ساتھ دکانوں،مارکیٹوں میں چوریوں میں ملوث ہیں ۔  
کوئٹہ سے مزید