• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فائزہ ثقلین کا مایا علی پر ڈیزائنز چوری کرنے کا الزام

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

 معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر فائزہ ثقلین نے اداکارہ اور فیشن برانڈ کی مالک مایا علی پر اپنے لباس کے ڈیزائنز نقل کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

فائزہ ثقلین پاکستان کی صفِ اول کی ڈیزائنرز میں شمار ہوتی ہیں، ان کا فیشن لیبل ملک بھر میں مقبول ہے اور ان کے ملبوسات متعدد اے لسٹ شوبز شخصیات زیبِ تن کر چکی ہیں۔

ان کے کیریئر کا ایک نمایاں لمحہ اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ کیا گیا فیشن کیمپین تھا، جسے خوب سراہا گیا۔

فائزہ ثقلین اور مایا علی کے درمیان ایک زمانے میں گہری دوستی نظر آتی تھیں، دونوں ناصرف ایک دوسرے کے پروگراموں میں شریک ہوتی تھیں بلکہ ان کے تعلقات خاندانی نوعیت کے قرار دیے جاتے تھے۔

تاہم، تعلقات اس وقت کشیدہ ہو گئے جب مایا علی نے اپنا فیشن برانڈ  مایا پریٹ (Maya Pret) لانچ کیا، جو فارمل ویئر میں مہارت رکھتا ہے۔

مایا پریٹ نے کم عرصے میں نمایاں کامیابی حاصل کی اور اس کے اشتہاری مہمات میں امیر گیلانی اور ماورا حسین جیسے معروف چہرے شامل رہے۔

حالیہ دنوں میں فائزہ ثقلین نے سوشل میڈیا پر مایا پریٹ پر اپنے ڈیزائنز کی نقل کرنے کا الزام لگایا اور مبینہ طور پر نقل شدہ ملبوسات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے مایا علی سے ذاتی طور پر بھی دکھ پہنچا ہے، کیونکہ وہ ایک وقت میں میری قریبی دوست تھیں۔

دوسری جانب، سوشل میڈیا پر صارفین کی مخلوط آراء سامنے آئی ہیں۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ڈریسز کے رنگ ملتے جلتے ضرور ہیں مگر ڈیزائنز مختلف ہیں۔

کئی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ روایتی مشرقی اسٹائلز ہیں جنہیں ہر ڈیزائنر اپنے انداز میں استعمال کرتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید