 
                
                 
 
اسلام آباد ( مہتاب حیدر)وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئندہ کرشنگ سیزن کے دوران شوگر کی پیداوار کی ویڈیو نگرانی، اینالیٹکس یا ڈیجیٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے مانیٹرنگ کے لیے اپنے اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ اقدام ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے انسانی وسائل کے بجائے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے تحت کیا گیا ہے۔ایف بی آر نے ایک جنرل سیلز ٹیکس آرڈر (STGO) جاری کیا ہے اور شوگر مل مالکان کو آئندہ کرشنگ سیزن میں اس وقت تک فیکٹریوں سے چینی کی پیداوار باہر نکالنے سے روک دیا ہے جب تک کہ ان لینڈ ریونیو سروس کا افسر ویڈیو نگرانی، ویڈیو اینالیٹکس یا ڈیجیٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے اس پیداوار کی نگرانی نہ کرے۔بدھ کے روز جاری ہونے والا ایس ٹی جی او نمبر 06برائے 2025جس کا عنوان ہے "ویڈیو اینالیٹکس کے ذریعے چینی کے تھیلوں کی پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی" میں کہا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 40C(2) کے تحت ایف بی آر کو اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی مقررہ تاریخ سے الیکٹرانک یا دیگر ذرائع (بشمول ویڈیو اینالیٹکس) کے ذریعے پیداوار کی نگرانی یا ٹریکنگ کو نافذ کرے۔