• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاسپورٹ کے لئے فیس کی طلبی، ہمارا کوئی تعلق نہیں، نادرا حکام

کراچی (اعجاز احمد /اسٹاف رپورٹر) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے حکام نے واضح کیا ہے کہ نادرا میگا سینٹر میں قائم پاسپورٹ آفس کے کاؤنٹرز پر ’’نادرا فیس‘‘ طلب کئے جانے سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں! میگا سینٹر میں پاسپورٹ آفس کاؤنٹرز قائم کرنے کے لیے نادرا نے صرف جگہ فراہم کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں ایک خان دان اپنے پاسپورٹ بنوانے کے لیے نادرا میگا سینٹر، نارتھ ناظم آباد میں قائم پاسپورٹ آفس پہنچا، جہاں اس خان دان کے 4افراد کو اپنے پاسپورٹ بنوانے تھے، جنہوں نے پہلے ہی اپنے مطلوبہ پاسپورٹس کی فیس نیشنل بینک آف پاکستان کی متعلقہ شاخ میں جمع کروادی تھی، لیکن پاسپورٹ آفس کے کاؤنٹر پر ان سے نادرا فیس کے نام پر فی پاسپورٹ مزید ایک، ایک ہزار روپے طلب کئے گئے۔ اس ضمن میں جب نادرا حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے سختی سے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نادرا نے پاسپورٹ پر کوئی فیس لاگو نہیں کی۔دریں اثناء پاسپورٹ آفس کے حکام کا موقف جاننے کے لیے انہیں فون کال کی گئی اور واٹس ایپ پر پیغام بھی دیا گیا، مگر انہوں نے کال وصول کی نہ پیغام کا کوئی جواب دیا۔
اہم خبریں سے مزید