 
                
                 
 
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر بی آر ٹی گرین لائن کے ایک سیکورٹی گارڈ کی خود سوزی کی کوشش اس کے ساتھیوں نے ناکام بنادی، محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ سیکورٹی گارڈ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا ملازم نہیں اس حوالے سے آپریٹنگ کمپنی سے پوچھ گچھ کی جائے گی، تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ایک ویب سائٹ پر وائرل ہوئی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کےباعث گرین لائن کا ایک سیکورٹی گارڈ بس کے ٹریک پر خود پر پٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کررہا ہے، مگر اس کے ساتھیوں نے سمجھا بجھا کر یہ کوشش ناکام بنادی، اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ گرین لائن منصوبے کا آپریشن آؤٹ سورس کیا گیا ہے اور اس معاملے پر متعلقہ کمپنی سے رابطہ کر کے جلد از جلد یہ مسئلہ حل کیا جائے گا، ترجمان نے بتا یاکہ سہولت کاری معاہدے کے مطابق صرف آپریشنز اینڈ مینٹی نینس کی نگرانی وفاقی حکومت سےسندھ حکومت کو منتقل کی گئی۔