 
                
                 
 
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق 2 زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈس چورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 40 سالہ محمد اقرار ولد محمد اسرار جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے،حادثے کے بعد وہاں موجود مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی، پولیس موقع پر پہنچی اور فائر بریگیڈ کو طلب کیا جس نے ڈمپر کی آگ پرقابو پایا،پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں افراد کو معمولی زخم آئے ہیں ،پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور واقع کے بعد فرار ہو گیا،پولیس کا دعویٰ ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ڈمپر کو روکنے کا اشارہ بھی کیا تاہم ڈرائیور انتہائی تیز رفتاری سے آیا اور موٹر سائیکل سوار کو پیچھے سے ٹکر مار دی ، ڈمپر میں کچرا بھرا ہوا تھا اور ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ڈمپر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے زیراستعمال ہے،رواں برس ہیوی ٹریفک کی زد میں آ کر اب تک 210 شہری جاں بحق ہو چکے ہیں، کریم آباد پل پر ٹریفک حادثے میں 44 سالہ طاہر ولد سکندر جاں بحق ہو گیا ،پولیس نے بتایا کہ کریم آباد پل کے درمیان جوائنٹ خراب ہیں جس کی وجہ سے وہاں سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے ،وہاں سے گزرنے والے رکشا نے جیسے ہی رفتار کم کی تو عقب سے آنے والی موٹر سائیکل رکشا سے ٹکرا کر گر نے سے کوسٹر کی زد میں آکر متوفی جاں بحق ہو گیا ۔