لاہور(اپنے نامہ نگار سے) بر گد آرگنائزیشن فار یوتھ ڈیولپمنٹ کے زیرِ اہتمام لاہور میں دیوالی کی تقریب نہایت عقیدت، احترام اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جس کا مقصد امن، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ ،تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ تھے، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور سونیا عاشر اور ایم پی اے فرزانہ عباس نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت ہر شہری کے سماجی، معاشی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ سی ایم پنجاب مینارٹی کارڈ غیر مسلم بالخصوص مسیحی، ہندو اور سکھ برادری کے لیے ایک تاریخی قدم ہے۔سونیا عاشر نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 11 اگست 1947 کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قائد کا خواب ایک ایسے پاکستان کا تھا جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز مذہب برابری، آزادی اور احترام حاصل ہو۔