لاہور(خبرنگار)حکومتِ پنجاب کے فلاحی منصوبے دھی رانی پروگرام کے تحت118مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پر وقار تقریب ایک مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی۔ دلہنوں اور دلہاؤں کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود، کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر عثمان خالد، لیگی رہنما محمود قادر خان لغاری سمیت مختلف محکموں کے افسران اور معززینِ شہر بھی موجود تھے۔ دوسری جانب خانیوال میں137جوڑوں کی شاد ی تقریب میں127مسلمان اور10مسیحی جوڑوں شامل تھے۔ ایم این اے محمد خان ڈاہا، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد سلیم حنیف، اراکین صوبائی اسمبلی بیرسٹر اسامہ فضل اور عامر حیات ہراج بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سہیل شوکت بٹ نے تمام جوڑوں کو مبارکباد دی اور حکومتِ پنجاب کی جانب سے سلامی کے چیک تقسیم کیے۔