کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بابر اعظم نے 13ٹی ٹوئنٹی میچوں کے بعد پہلی نصف سنچری بنائی جبکہ وہ 26 میچوں میں باہر بیٹھے رہے۔ سوشل میڈیا پر بابر اعظم نے لکھا کہ شکر گزار ہوں کہ میں دوبارہ وہی کر رہا ہوں جو مجھے پسند ہے، اُن سب کا شکریہ جنہوں نے خاموشی کے وقت میں مجھ پر یقین رکھا ، لوگوں اور ٹیم کی توقعات پر پورا نہیں اتر پارہا تھا لیکن مثبت رہا اور محنت جاری رکھی۔ کبھی کچھ لمحات ایسے آتے ہیں جس میں لگتا ہے کہ سب اچھا ہے لیکن چیزیں آپ کے حق میں نہیں ہوتیں لیکن الحمداللہ، اللہ نے اب کرم کیا۔ یاد رہے کہ یہ مئی 2024 کے بعد پہلا موقع تھا جب بابر اعظم نے بین الاقوامی میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے تین میچوں میں بابر اعظم نے47،0،9 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کبھی ایسا لگتا ہے کہ سب اچھا چل رہا ہے لیکن کچھ چیزیں آپ کے حق میں نہیں ہوتیں۔ ابتداء میں 40 رنز تک محتاط انداز میں کھیلنے کا پلان بنایا تھا۔ بیچ میں اسپنرز کو کھیلنا مشکل ہورہا تھا تو پلان کیا کہ ان کو محتاط انداز میں کھیلیں۔ پی سی بی کے لئے ایک انٹر ویو میں سلمان آغا نے بابر اعظم سے کہا کہ ٹیم اور قوم آپ کی اس کارکردگی پر بہت خوش ہے کیونکہ ہمیں لگتا ہے کہ آپ رنز بناتے جائیں گے تو ہم کوئی بھی ایونٹ جیت سکتے ہیں۔