کراچی(اسٹاف رپورٹر )ہائی کورٹ کے حکم پر چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف جاوید مہر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے کراچی چڑیا گھر کا دورہ کیا تاکہ وہاں موجود رانو ریچھ اور دیگر جانوروں کی جسمانی اور ذہنی صحت کا جائزہ لیا جا سکے، دورے کے دوران کمیٹی کے اراکین نے مختلف پنجروں کا معائنہ کیا، جانوروں کے رویوں کا مشاہدہ کیا اور ان کی مجموعی صحت کا جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ جانوروں کی دیکھ بھال مقررہ فلاحی معیار کے مطابق کی جا رہی ہے اور ایسے نکات کی نشاندہی کرنا جو مزید بہتری کے متقاضی ہوں کے ایم سی کے جاری کر دہ اعلامیہ کے مطابق کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ نے دورہ کرنے والی کمیٹی کو بھرپور تعاون فراہم کیا ٹیم کو جانوروں کی نگہداشت، خوراک کے معمولات، ویٹرنری معائنوں اور پنجروں کی دیکھ بھال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئییہ مشاہدہ کیا گیا کہ باقاعدہ ویٹرنری سپورٹ، متوازن خوراک اور صفائی کے بہتر انتظامات نے جانوروں کی فلاح و بہبود پر مثبت اثر ڈالا ہے، تاہم کمیٹی نے چند پہلوؤں کی مزید بہتری کے لیے سفارشات بھیکیں تاکہ جانوروں کی نگہداشت کے معیارات پر مسلسل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے اور چڑیا گھر کے مجموعی ماحول کو مزید بہتر کیا جا سکے۔ یہ مشاہدات اور سفارشات آئندہ رپورٹ میں ہائی کورٹ کے روبرو باضابطہ طور پر پیش کی جائیں گی تاکہ مناسب غور کیا جا سکے۔ کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جانوروں کی فلاح و بہبود، شفافیت، اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کے بین الاقوامی معیارات پر عمل پیرا رہتے ہوئے اپنے زیرِ نگہداشت تمام جانوروں کے لیے ایک محفوظ، صحت مند اور انسانی بنیادوں پر ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔