کراچی( اسٹاف رپورٹر )بلدیہ ٹاؤن میں غلط جگہ موٹر سائیکل پارک کرنے سے منع کرنے پر پولیس اہلکار وں نے سپر اسٹور کے ملازم کو سر عام بے دردی سے تشدد کا نشانہ بناڈالا ،تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانہ کی حدود میں واقع ایک سپر اسٹور کے ملازم نے خریداری کے لئے آنے والے پولیس اہلکار ذیشان کو مبینہ طور پر غلط جگہ موٹر سائیکل پارک کرنے سے منع کیا تو یہ بات اسے ناگوار گزری اور سپر اسٹور کے ملازم کو سبق سیکھانے کیلئے تھانہ جاکر 7،8 پولیس اہلکاروں کے ہمراہ واپس سپر اسٹور پہنچا جہاں پولیس اہلکاروں نے اسٹور ملازم کو سڑک پر گھسیٹا اور بے دردی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر شہریوں کی جانب سے سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، دریں اثنا ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی نے بتایا کہ کسی پولیس اہلکار کو شہریوں سے بدتمیزی اور مار پیٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، سپر اسٹور کے ملازم پر تشدد کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل عامر ،کانسٹیبل معاذ ،کانسٹیبل جواد اور کانسٹیبل تنویر کو کوارٹر گارڈ کر کے انکے خلا ف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔