ملتان (سٹاف رپورٹر) شہری سہولیات، بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت بارے ڈویژنل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم کی زیر صدارت اجلاس میں ملتان، خانیوال اور وہاڑی کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ڈسٹرکٹ کونسل ملتان کے دائرہ اختیار میں الیکٹرک بسوں کے لیے بس شیلٹرز کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی گئی جس پر 188.88 ملین روپے لاگت آئے گی۔میونسپل کارپوریشن ملتان کے حدود میں 106.38 ملین روپے کی لاگت سے الیکٹرک بس اسٹاپس کی تعمیر کی منظوری دی گئی ، جہانیاں میں اللہ داد بازار کی تزئین و آرائش کا 140.50 ملین روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا۔وہاڑی شہر میں چوڑی بازار، گول چوک اور ریل بازار کی بحالی و تزئین نو کے منصوبے کی منظوری دی گئی جس پر 150 ملین روپے لاگت آئے گی۔