کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ڈمپر نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی،مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی ۔ تفصیلات کے مطابق گارڈن تھانے کی حدود نشتر روڈ رامسوامی کے قریب پیر کی شب ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار مرد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے ساتھ موجود خاتون زخمی ہو گئی۔حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی ۔ متوفی کی لاش اور زخمی خاتون کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 25 سالہ شاہ زیب ولد شاہد کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی خاتون کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ڈمپر ڈرائیور نیاز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔