کراچی (اسد ابن حسن) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی انتظامیہ نے حالیہ دنوں میں کچھ افسران کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کے بعد ادارے کے بیشتر افسران کے دفاتر نہ آنے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیومن ریسورس نے تمام ڈائریکٹرز، ایڈیشنل ڈائریکٹرز اور سرکل انچارجز کو مراسلے تحریر کیے ہیں جن کی کاپیاں ڈائریکٹر جنرل اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن کو بھی روانہ کی گئی ہیں۔ مراسلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ جو افسران ادارے کو اطلاع دیئے بغیر دفاتر نہیں آرہے ہیں انہیں غیر حاضر تصور کیا جائے گا اور ان کے نام فوری طور پر ہیڈ کوارٹر کو بھیجے جائیں گے تاکہ ان کے خلاف قوانین کے مطابق دفتری کاروائی کا آغاز کیا جا سکے ۔