کراچی (نیوز ڈیسک)نسیم بانواداکاری کیلئے بھوک ہڑتال کرنیوالی بھارت کی پہلی خاتون سپر اسٹارہیں ،انہوں نے گھروالوں کی مخالفت کے باوجود فلمی دنیا کا رخ کیا، امیتابھ اور دلیپ کمار نے انہیں سب سے خوبصورت عورت قرار دیا۔غیر ملکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نسیم بانو جنہیں بھارت کی پہلی خاتون سپر اسٹار کہا جاتا ہےنے اپنی ماں کی شدید مخالفت کے باوجود اداکاری کو اپنایا اور اس کے لیے بھوک ہڑتال بھی کی۔ 1935 میں سہراب مودی کی فلم خون کا خون سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی نسیم نے 1939 کی فلم پکار میں ملکہ نورجہاں کا لازوال کردار نبھا کر شہرت حاصل کی، جس کے بعد انہیں "پری چہرہ" کہا جانے لگا۔ انہوں نے اپنے شوہر احسان الحق کے ساتھ تاج محل پکچرز کی بنیاد رکھی اور کئی کامیاب فلمیں بنائیں۔ تقسیم کے بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی مگر نسیم نے بھارت میں رہ کر اپنی بیٹی سائرہ بانو کے فلمی کیریئر کو سنوارا اور ان کے ملبوسات خود ڈیزائن کیے۔ ان کی خوبصورتی اور شائستگی کی تعریف امیتابھ بچن اور دلیپ کمار جیسے عظیم فنکاروں نے بھی کی۔