کراچی (سید محمد عسکری) سندھ بھر 9سرکاری میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز اور جامعات میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس سال اول کے داخلوں کاآغاز 5 نومبر سے ہوگا اور داخلے 17 نومبر تک جاری رہیں گے۔ داخلوں کے لیے امیدوار کا ڈومیسائل اور پی آر سی ہونا لازمی ہوگا۔ محکمہ صحت نے اس دفعہ لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کو داخلہ کی زمہ داریاں دی ہیں۔ لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمیشنڈاکٹر ریاض شیخ کے مطابق کراچی کے تمام اضلاع کی داخلے کی زمہ داری ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کو دی گئی ہے جب کہ حیدرآباد، تھرپارکر، سانگھڑ ، نوابشاہ، عمر کوٹ، جامشورو، ٹھٹہ، مٹیاری، سجاول، ٹنڈو الہ یار، بدین، ٹنڈو محمد خان اور میرپور کے اضلاع کی زمہ داری لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کو دی گئ ہے۔ لاڑکانہ، شکار پور، سکھر ، کشمور، خیرپور، نوشہروفروز پور، دادو، گھوٹکی، جیکب آباد اور نمبر شہداد کوٹ کے اضلاع کی زمہ دستی لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کو دی گئی ہے۔ امیدواروں کو آن لائن فارم بھرنا ہوگا، پی ایم ڈی سی کے قواعد کے مطابق ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے MBBS کے لیے 55% اور BDS کے لیے 50% نمبر ہونا لازمی ہونگے۔ امیدواروں کو متعلقہ یونیورسٹی کی ویب سائٹس پر آن لائن فارم پُر کرنا ہوگا جو ان کے PRC/ڈومیسائل کے اضلاع میں ٹیگ کیے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے اضلاع کے مطابق ان ای میلز کو استعمال کریں گے۔امیدواروں کو آن لائن بھرا ہوا فارم پرنٹ کرنا ہوگا آن لائن فارم اور پراسپیکٹس متعلقہ جامعہ کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرام کے لیے الگ سے چیک لسٹ کے مطابق تمام مطلوبہ دستاویزات منسلک کرنا ہوں گے۔تمام دستاویزات کو مناسب طریقے سے ترتیب دینا ہوگا اور فائل کور پر نام، والد کا نام، ڈومیسائل کا ضلع اور پروگرام کے ساتھ فائل کرنا ضروری ہے۔ امیدوار تمام مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ لیوپرڈ کورئیر سروس کی نامزد شاخوں میں درخواست فارم جمع کرائیں گے۔ جب کہ کورئیر سروس 3,500 روپے پروسیسنگ فیس کے طور پر وصول کرے گی جس میں ہر پروگرام (MBBS اور BDS) کے لیے امیدواروں سے کورئیر چارجز بھی شامل ہیں۔ کورئیر سروس سینٹرز مذکورہ جامعات کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ نامکمل درخواستیں اور آخری تاریخ کے بعد جمع کرائی گئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔امیدواروں کا صوبہ سندھ کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے۔ امیدواروں کو کم از کم 65% نمبروں کے ساتھ انٹرمیڈیٹ/HSSC پری میڈیکل یا اس کے مساوی امتحان (مثلاً اے لیول، 12 ویں گریڈ وغیرہ) پاس کرنا ہوگا۔پی ایم اینڈ ڈی سی کے ضوابط کے مطابق، امیدواروں کو کم از کم پاس ہونے والے فیصد کے ساتھ آئی بی اے، سکھر کے زیر اہتمام MDCAT 2025-26 پاس کیا جانا چاہیے۔ امیدواروں کو متعلقہ یونیورسٹی کی ویب سائٹس پر آن لائن فارم پُر کرنا ہوگا جو ان کے PRC/ڈومیسائل کے مطابق ہوگا۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلے ان سرکاری جامعات/ میڈیکل کالجز میں دیئے جائیں گے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی،لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو، پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز برائے خواتین نوابشاہ، کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل کالج، لیاری، خیرپور میڈیکل کالج، خیرپور میرس، گمبٹ میڈیکل کالج گمبٹ۔