کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 17سال میں کراچی کے لئے صرف 400بسوں سے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، ای چالان کا مسئلہ اگر بات چیت سے حل نہ ہوا تو مجبوراً احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور قابض میئر اہل کراچی کے لئے عذاب بنے ہوئے ہیں، پیپلز پارٹی 17سال سے حکومت کر رہی ہے، بلدیاتی اداروں، اختیارات و وسائل پر قابض ہے لیکن عوام کو حق دینے اور مسائل حل کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، جماعت اسلامی با اختیار شہری حکومت کا نظام چاہتی ہے، لاڑکانہ ہو، شکار پور یا حیدر آباد اور کراچی، بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنایا جائے۔وہ گلبرگ ٹاؤن کے تحت فیڈرل بی ایریا بلاک 18سمن آباد ہیلتھ کیئر یونٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب اور بلاک 8عزیز آباد میں شاہراہ نعمت اللہ خان کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد علاقہ مکینوں سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، نصرت اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ توفیق الدین صدیقی، زاہد عسکری، محمد الیاس، مختلف یوسی چیئر مینز و کونسلر، نعمت اللہ خان کے صاحبزادے ناظم اقبال و دیگر بھی موجود تھے۔ ہیلتھ کیئر یونٹ میں ایکو،ای سی جی،الٹر اساؤنڈ سمیت دیگر طبی سہولتیں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت ہماری بنیادی ضرورت ہے، گلبرگ ٹاؤن نے ہیلتھ کیئر یونٹ قائم کر کے عوام کی بڑی خدمت کی ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے کراچی کے لئے عملاً کچھ نہیں کیا۔دونوں میڈیا میں نورا کشتی کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اصل میں یہ دونوں ایک ہیں، ایم کیو ایم کو اہل کراچی گزشتہ الیکشن میں مسترد کرچکے ہیں۔