کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ اس سال بھی ماہ دسمبر 2025میں کراچی عالمی کتب میلہ ایکسپو سینٹر میں منعقد کیا جائے گا۔پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری وقارمتین نے کہا کہ پبلشرز، بک سیلرز اور وہ کمپنیاں جو اس میلے میں شرکت کرتی رہی ہیں یا اس سال شرکت کی خواہش رکھتی ہیں وہ 10 نومبر تک اپنے اسٹالز کی بکنگ کے لیے براہ راست آرگنائزر آفس سے رابطہ کر کے خصوصی ڈسکاونٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ جنرل سکریٹری وقارمتین نے مزید کہا کہ پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن سرکاری طور پر ایک رجسٹرڈ ادارہ ہے جو سندھ بھر کے پبلشرز بک سیلرز اور کتابی تجارت سے وابستہ افراد اور اداروں کی نمائندگی کرتا ہے۔بدقسمتی سے چند سابق اراکین جنہوں نے ماضی میں سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ارتکاب کیا اب مختلف ذرائع سےمنفی پروپگینڈا پھیلا رہے ہیں۔ ان چند افراد کی تمام تر کوششوں کے باوجود کراچی عالمی کتب میلہ حسب روایت کامیابی سے منعقد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام معزز پبلشرز بک سیلرز اور کمپنیاں منفی پروپیگنڈےکو نظر انداز کرتے ہوئے عالمی کتب میلے میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔