سان ڈیاگو(اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر صدف احمد، ایسوسی ایٹ پروفیسر آف فزیالوجی اور سینٹر فار ہیلتھ اینڈ ویل بینگ، جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر، کو سوسائٹی فار نیوروسائنس (SfN) کی جانب سے سائنس ایجوکیٹر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ،جو دنیا کی سب سے بڑی اور باوقار تنظیموں میں سے ایک ہے جو دماغ اور اعصابی نظام کے مطالعے کے لئے کام کرتی ہے۔یہ ایوارڈ، جو ایلن انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے دیا جاتا ہے، ہر سال دو ممتاز نیورو سائنسدانوں کو ان کی سائنس ایجوکیشن اور عوامی آگاہی میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے، ایک وہ جو تعلیم کے میدان میں بطور پیشہ کام کرتے ہیں اور دوسرا وہ جو تحقیق کے ساتھ ساتھ عوامی تعلیم و آگاہی میں سرگرم کردار ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر صدف احمد کو پاکستان میں نیورو سائنس ایجوکیشن اور عوامی آگاہی کے شعبے میں ان کی انقلابی خدمات کے اعتراف میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے نیورو سائنس کو عام عوام، نوجوانوں، خواتین اور کم نمائندگی رکھنے والے طبقات کے لئے قابلِ فہم اور قابلِ رسائی بنایا ہے۔سوسائٹی فار نیوروسائنس کے صدر جان ایچ موریسن نے کہا:“ہم ان باصلاحیت اور ہمدرد نیورو سائنسدانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو غیر نمائندہ طبقات کی خدمت کر رہے ہیں اور عوام کو تعلیم دے رہے ہیں۔