کراچی(اسٹاف رپورٹر ) چیف اسکاؤٹ پاکستان و صدر مملکت آصف علی زرداری نے ،سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر سینئر ممبر نیشنل کونسل پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی نیشنل کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد کر کے چیف کمشنر پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کا انتخاب کرائیں ۔ صدر مملکت و چیف اسکاؤٹ پاکستان کے احکامات کی روشنی میں جسٹس حسن فیروز نے پاکستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی نیشنل کونسل کا ہنگامی اجلاس پیر 10 نومبر کو نیشنل ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے ۔ اجلاس میں پاکستان کی تمام صوبائی ایسوسی ایشن کے ارکان نیشنل کونسل اپنے ووٹ کا حق استعمال کرکے چیف کمشنر کا انتخاب کریں گے ۔ اس سلسلے میں جسٹس حسن فیروز نے نیشنل ہیڈکوارٹر کے ڈائریکٹر ٹریننگ لیاقت علی اعوان کو تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو بھی صدر و چیف اسکاؤٹ پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں خطوط لکھ دیئے ہیں ۔