• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں،قونصل جنرل

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے وفد کے ہمراہ محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اور چینی باشندوں کیلئے کیے گئے سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور چینی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے آفیشلز اور سیاحوں کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب میں موجود تمام چینی باشندوں کی سکیورٹی اور سہولت کیلئے کوشاں ہے اور تمام انڈسٹریل زونز میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ چینی شہریوں اور حکومتی ذمہ داران کیلئے ہمارے دفاتر ہمیشہ کھلے ہیں۔
لاہور سے مزید