اسلام آباد (فاروق اقدس)وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی کے وفد کو خصوصی پروٹوکول؟،کراچی جانے کیلئے چکلالہ ائربیس سے پرواز کی ؟ چکلالہ ائربیس پر صرف فوجی جہازوں کی آمدورفت ہوتی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف سے 27ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کے ارکان کراچی روانہ ہو گئے۔ اسلام آباد سے انکی کراچی روانگی کے حوالے سے مختلف ذرائع کی جانب سے یہ خبریں دی گئیں کہ کراچی جانے کیلئے وفد کے ارکان اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ جانے کی بجائے ائرمارشل (ر) نورخان ائربیس چکلالہ روانہ ہو گئے۔ گو کہ فوری طور پر اس خبر کی تصدیق نہیں ہو سکی اور نہ ہی کوئی وضاحت سامنے آئی تاہم اگر یہ خبر درست ثابت ہوتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے پیپلز پارٹی کے وفد کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا تھا۔