کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آئین میں وقت اور حالات کے مطابق ترمیم ہوتی رہتی ہے اٹھارہویں ترمیم کو کوئی نہیں چھیڑ رہا ہے،ہم پیپلز پارٹی کی سی ای سی کے فیصلوں سے اچھی تجاویز کے منتظر ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومت متحرک اتحادیوں سے ملاقاتوں اور مشاورت میں تیزی آگئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ مجھ سمیت حکومتی وزرا وضاحت کرچکے ہیں کہ اٹھارہویں ترمیم رول بیک نہیں ہورہی ہے آج لگ بھگ نو جماعتوں کے ساتھ وزیراعظم کی مشاورت ہوئی۔چوہدری شجاعت کی پرانی تجویز تھی کہ تعلیم کو وفاق کے پاس رہنے دیں تعلیم اور آبادی پر ملک بھر میں ایک پالیسی درکار ہے۔ ہم پیپلز پارٹی کی سی ای سی کے فیصلوں سے اچھی تجاویز کے منتظر ہیں۔ مجھے آج یہ محسوس ہوا ہے کہ ستائیسویں ترمیم کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔