اسلام آباد (ساجد چوہدری ) وزارت آئی ٹی نے وفاقی حکومت کے کیش لیس اکانومی منصوبے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کے لیے وزارت نے بین الاقوامی مسابقتی بولی کے ذریعے مشاورتی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں،منتخب فرم جائزہ کے بعد بہتری کیلئے سفارشات پیش کریگی , ذرائع کے مطابق حکومت نے معیشت کو نقدی پر مبنی نظام سے مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس نظام میں منتقل کرنے کا قومی پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد شفافیت کو فروغ دینا، عوامی سروسز کی فراہمی بہتر بنانا، لین دین میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنا اور مالی شمولیت میں اضافہ کرنا ہے،منصوبے کے تحت ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر تشکیل دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے شہری راست پلیٹ فارم سے ڈیجیٹل ادائیگیاں اور ایک متحدہ ڈیجیٹل شناختی نظام کے تحت سرکاری خدمات حاصل کر سکیں گے، آر ایف پی کے مطابق منتخب مشاورتی فرم منصوبے کے ڈیزائن، عمل درآمد، کارکردگی اور حکومتی نظام کا تفصیلی تجزیہ کرے گی۔