پیرس ( رضا چوہدری/ نمائندہ جنگ )فرانسیسی حکومت نے چین کے عالمی ای کامرس برانڈ کے خلاف بڑی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کمپنی کی فرانسیسی آن لائن مارکیٹ پلیس کو معطل کرنے کا عمل شروع کر رہی ہے۔ یہ معطلی اُس وقت تک برقرار رہے گی جب تک وہ یہ ثابت نہ کرے کہ اس کی ویب سائٹ فرانسیسی قوانین اور یورپی ضابطوں کی مکمل پابندی کر رہی ہے۔حکام کے مطابق، صارفین کے حقوق کی نگرانی کرنے والی فرانسیسی ایجنسی نے حال ہی میں ایک رپورٹ پیش کی جس میں انکشاف کیا گیا کہ SHEIN کی ویب سائٹ پر بچوں جیسی شکل و صورت والی جنسی گڑیاں (sex dolls) فروخت کے لیے موجود تھیں، جسے حکومت نے انتہائی سنگین اور قابلِ مذمت قرار دیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ویب سائٹ پر غیر قانونی ہتھیاروں کی فہرستیں بھی دستیاب تھیں۔فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے یورپی کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کمپنی کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کرے اور اس پر باقاعدہ پابندیاں عائد کی جائیں۔