• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی گلوکارہ و اداکارہ سلکشنا پنڈت چل بسیں

سلکشنا پنڈت—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا
سلکشنا پنڈت—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

معروف بھارتی گلوکارہ اور اداکارہ سلکشنا پنڈت 71 برس کی عمر میں حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث چل بسیں، ادکارہ کے بھائی للت پنڈت نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماضی کی لیجنڈری اداکارہ اور پلے بیک سنگر سلکشنا پنڈت نے اپنی فلموں ’الجھن‘ اور ’چہرے پہ چہرہ‘ سے شہرت پائی تھی۔

ان کے بھائی للت پنڈت کے مطابق سلکشنا پنڈت نے جمعرات کی شام کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی تھی، جس پر انہیں ناناوتی اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔

سلکشنا پنڈت نے 1975ء میں سنجیو کمار کے مقابل فلم ’الجھن‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، اس کے بعد انہوں نے اپنے دور کے تقریباً تمام صفِ اول کے اداکاروں راجیش کھنہ، ششی کپور اور ونود کھنہ کے ساتھ کام کیا۔

ان کی دیگر بڑی فلموں میں سنکوچ، ہیرا پھیری، خاندان، دھرم کانٹا، دو وقت کی روٹی اور گورا شامل ہیں۔

انہوں نے 1978ء کی ایک بنگالی فلم بانڈی میں بھی اداکاری کی، جس میں وہ اُتّم کمار کے ساتھ جلوہ گر ہوئی تھیں۔

اداکاری کے ساتھ ساتھ سلکشنا کا پلے بیک گلوکاری کا کیریئر بھی متاثر کن تھا، انہوں نے ہندی، بنگالی، مراٹھی، اوڑیہ اور گجراتی سمیت کئی زبانوں میں گانے گائے۔

ان کے مشہور گانوں میں تو ہی ساگر تو ہی کنارا، پردیسیا تیرے دیش میں، بے قرار دل ٹوٹ گیا، باندھی رے کہے پریت، سات سمندر پار، سوموار کو ہم ملے، سونا رے تجھے کیسے ملوں، یہ پیارا لگے تیرا چہرہ، جب آتی ہو گی یاد میری اور یہ پیار کیا ہے شامل ہیں۔

سلکشنا کا تعلق ہریانہ کے ضلع ہسار کے ایک موسیقی کے گھرانے سے تھا، پنڈت جسراج ان کے چچا تھے، انہوں نے 9 برس کی عمر میں ہی گانا شروع کر دیا تھا اور اپنے بھائی مندھیر کے ساتھ اپنے موسیقی کیریئر کا آغاز کیا تھا، ان کے بہن بھائیوں میں جتن پنڈت، للت پنڈت اور ماضی کی اداکارہ وجیتا پنڈت شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید