• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی کورٹس کے 25 فی صد ججز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس سے لئے جائیں، تجویز

اسلام آباد ( رانا غلام قادرنیوز رپورٹر ) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائےدفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے ایوان میں 27ویں ترمیم کے بل میں ترمیم متعارف کروا ئی ہےجس میں تجویز کیا گیا ہے کہ ہائی کورٹ میں تقرر کیے جانے والے 25 % ججز ماتحت عدالتوں کے سینئرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ہونے چاہئیں۔ ماتحت عدالتوں میں شاندار اور قابل تقلید کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ججز کا حق ہے کہ ترقی دے کر انکی تعیناتی ہائی کورٹ میں کی جائے۔ اس طریقہ کار سے ماتحت عدلیہ کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور ان میں اطمینان کا احساس پیدا ہوگا۔ ماتحت عدالتوں کے شاندار ریکارڈ رکھنے والے ججز کا حق ہے کہ انہیں اعلی عدلیہ تک رسائی دی جا ئے۔ اس طرح ماتحت عدالتوں کے سینئر ترین ججز میں مثبت مسابقت پیدا ہوگی جو تحصیل اور ضلعی سطح کی عدلیہ کی کارکردگی کے حوالے سے بہتر ہوگا۔ چیرمین قایمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے 27ویں ترمیم میں یہ بھی متعارف کروایا ہے کہ جب کوئی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرتی ہے تو ملک کا نظم و نسق تین مہینے کیلیے عبوری حکومت کے سپرد کر دیا جاتا ہے جس سے بہتری آنے کی بجائے پیچیدگیوں میں اضافہ ہی دیکھنے میں آیا ہے. چنانچہ مناسب یہی ہوگا کہ عبوری حکومت کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ جمہوری اور انتخابی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ جب انتخابات سر پر ہوتے ہیں تو طرح طرح کی موشگافیاں اور پیچیدگیاں سامنے آنے لگتی ہیں۔ جمہوریت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ اس دوران نظام حکومت اور بیوروکریسی میں موجود خامیوں کو درست کیا جاتا ہے تاکہ ملک بہتر اور باوقار انداز سے آگے بڑھ سکے۔
اہم خبریں سے مزید