کراچی (نیوز ڈیسک) ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان نے افغانستان کیساتھ مستقل امن کے قیام کیلئے اعلی سطح وفد پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا۔ وفد پاکستان میں متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کرے گا، مذاکرات میں فائر بندی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ صدر رجب طیب اردوان کاکہنا ہے کہ دورے کا مقصد فریقین کے درمیان پائیدار امن قائم کرنا اور جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وفد میں ترکش وزیر خارجہ‘ وزیر دفاع اور انٹیلی جنس چیف شامل ہونگے‘دورے کا مقصد پاک افغان فائر بندی کو حتمی شکل دینا ہے۔ صدراردوان نے باکو سے واپسی کے بعد پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد دورے کا اعلان کیا۔ ترکی کے وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور انٹیلی جنس چیف اس ہفتے پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری بات چیت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور مستقل فائر بندی کو حتمی شکل دی جا سکے۔ وفد پاکستان میں متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کرے گا، مذاکرات میں فائر بندی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور افغانستان کے ساتھ طویل المدتی امن کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا جائے گا، تاکہ خطے میں استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔