کراچی (نیوز ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کی ایڈٹ شدہ تقریر کا معاملہ، بی بی سی سے معافی مانگنے کی توقع، ٹرمپ دستاویزی فلم میں ایڈیٹنگ پر تنازع پر بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل نے استعفیٰ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بی بی سی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ کل معافی مانگے گا، کیونکہ اس کی غیرجانبداری کے حوالے سے خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ بی بی سی کے چیئرمین سمیر شاہ کل پینوراما پروگرام میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تقریر کی ایڈیٹنگ سے متعلق بات کریں گے، جس میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ 6 جنوری 2021 کو جب مظاہرین کیپٹل بلڈنگ میں داخل ہوئے تھے تو اس وقت صدر (ٹرمپ) نے تشدد پر اکسایا تھا۔ کارپوریشن (بی بی سی) پر غزہ میں جنگ سے متعلق بعض رپورٹنگ اور ٹرانس حقوق کی کوریج سے نمٹنے کے طریقے پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ دوسری جانب برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کے ڈائریکٹر جنرل نے اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں ایک دستاویزی فلم کی ایڈیٹنگ پر تنازع کے بعد اپنے استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹم ڈیوی اور خبروں کی سربراہ ڈیبورا ٹرنس نے ان الزامات کے بعد استعفیٰ دے دیا کہ اس کے فلیگ شپ پروگرام پینوراما کی ایک دستاویزی فلم نے ٹرمپ کی ایک تقریر کو گمراہ کن انداز میں ایڈٹ کیا تھا۔ ڈیوی نے بی بی سی کی ویب سائٹ پر شائع بیان میں کہا’’تمام عوامی اداروں کی طرح بی بی سی بھی کامل نہیں ہے، اور ہمیں ہمیشہ کھلے دل، شفاف اور جوابدہ رہنا چاہیے۔