کراچی (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے صدر ٹرمپ کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات فلسطینی ریاست کے قیام سے مشروط ہیں، ولی عہد کی ٹرمپ سے اہم ملاقات 18نومبر کو وائٹ ہاؤس میں متوقع ہے جس میں دفاعی معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، ٹرمپ کی خواہش ہے ریاض ابراہیمی معاہدوں میں شامل ہو۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے جس میں ایک دفاعی معاہدے پر دستخط متوقع ہیں، تاہم سعودی عرب نے واضح کر دیا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات کی بحالی فلسطینی ریاست کے قیام کے روڈ میپ کے بغیر ممکن نہیں۔ ریاض نے واشنگٹن کو سفارتی طور پر آگاہ کیا ہے کہ اس کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ٹرمپ نے حالیہ بیانات میں امید ظاہر کی تھی کہ سعودی عرب جلد ابراہیم معاہدوں میں شامل ہو جائے گا، مگر سعودی قیادت اسرائیل کی غزہ میں کارروائیوں اور فلسطینی ریاست سے متعلق کسی پیش رفت کے نہ ہونے کے باعث فی الحال کوئی باضابطہ تعلق قائم کرنے کے حق میں نہیں۔