کراچی (ذیشان صدیقی/ اخترعلی اختر )ورلڈ کلچرل فیسٹیول میں رنگا رنگ تقریبات کی رنگینیوں میں شاندار اضافہ۔ ملکی و بین الاقوامی ڈانس پرفارمنس پر مبنی شو ”ردھم آف دی ورلڈ“ نے ثقافتی میلہ لوٹ لیا۔اتوار کی چھٹی کے باوجود شائقین نے بھرپور تعداد میں شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام 39 روزہ ”ورلڈ کلچرل فیسٹیول 2025 “ میں رنگا رنگ سرگرمیاں جاری ہیں۔فیسٹیول کے دسویں روز کا آغاز ملائیشیا کی معروف ہدایت کار و ادکارہ بیلا رحیم ،برطانیہ کے Jan Martin اور راحیل صدیقی کی جانب سے تھیٹر ورکشاپ سے کیاگیا، تربیتی ورکشاپ میں بیلا رحیم نے اداکاری کے گُر سکھاتے ہوئے تھیٹر کی فنی باریکیوں کے بارے میں بتایا۔ برطانوی جان مارٹن نے شرکاءکو کردار سازی سمیت ڈائیلاگ بولنے کے عملی پہلوؤں کو آگاہ کرتے ہوئے مختلف کرداروں پر مختصر تھیٹر پرفارمنس بھی پیش کی۔ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ نے بیلا رحیم اور جان مارٹن کو گلدستہ پیش کیا۔ فلم اسکریننگ میں ہدایت کارہ عافیہ نتھانیئل کی پاکستانی فلم ”دختر“ دکھائی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔فلم کے سنجیدہ مناظر نے ناظرین کو رونے پر مجبور کردیا۔ فلم ’’دختر‘‘ کے فن کاروں میں عجب گل، ثمینہ احمد اور دیگر شامل ہیں۔ فیسٹیول میں مزاح سے بھرپور اردو کرداروں پر مبنی ڈرامہ ”ملاقات“ پیش کیا گیاجس کے مصنف Jean Pierre Martez تھے جبکہ وقاص اختر نے اسے ماخوذ کیا تھا، ڈرامے کے ہدایت کار اسامہ رانجھا تھے جبکہ فنکاروں میں طوبی نعیم اور وقاص اختر شامل تھے۔ شائقین نے پاکستانی فنکاروں کی جاندار اداکاری کو بے حد سراہا۔ دسویں روز کا اختتام ”ردھم آف دی ورلڈ“میں شاندار میوزک و ڈانس پرفارمنس سے کیاگیا جس میں موسیقی، رقص اور ثقافتی ہم آہنگی کا حسین امتزاج پیش کیاگیا۔ میوزک و ڈانس نائٹ میں کولمبیا کی Riaz by Cayena Folfolk، Cillian Rhodesامریکہ ، Luc Skys، Tommy Hillیوکے اور پاکستان سے نگہت چوہدری نے اپنی بہترین پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیت لئے۔ ڈانس نائٹ میں مختلف ممالک کے ڈانس گروپس نے اپنی اپنی ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے روایتی اور جدید انداز کے رقص پیش کئے۔ ”ردھم آف دی ورلڈ“ میں روشنیوں، رنگوں اور دھنوں کا امتزاج حاضرین کے لئے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ رہا۔ ہال میں تل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔