کراچی( ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ27 ویں ترمیم پر قائمہ کمیٹی میں غور جاری،مزید ترامیم کی تجویز۔آئینی ترمیم کی آج مشترکہ قائمہ کمیٹی سے منظوری ملنے کا امکان۔صدر مملکت کو تاحیات استثنیٰ ملے گا، مجوزہ ترمیم۔وزیراعظم شہباز شریف کا استثنیٰ لینے سے انکار۔ن لیگی ارکان نے وزیراعظم کے استثنیٰ کی ترمیم واپس لے لی۔بھارت سے کامیابی کے بعد کمانڈ اسٹرکچر میں تبدیلی کی ضرورت کیوں؟ترمیم سے اداروں میں کو آرڈی نیشن بہتر ہوگی۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کور کمانڈر کوئٹہ، لاہور، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عامر ریاض نے کہا کہ زیر غور ترمیم کا مقصد فوجی قوت یا متعلقہ فورسز کی خودمختاری میں دخل دینا نہیں بلکہ فوجی حکمتِ عملی، پلاننگ اور مربوط آپریشنز کی استعداد بڑھانا ہے۔ماہر قانون بیرسٹر صلاح الدین احمدنے کہا کہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی 27ویں آئینی ترمیم کی کوشش ایک مذاق کے مترادف ہے۔