لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم کے ٹارٹن ٹریک کے خستہ حالی کا شکار حصے کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور دیگر جیولین تھرورز کو ٹریننگ کے لیے مشکلات کا سامنا تھا۔
جیو نیوز نے چند ماہ قبل ٹارٹن ٹریک کے جیولین تھرو کے لیے مخصوص حصے کی خستہ حالی کی نشاندہی کی تھی۔ لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم کے ٹارٹن ٹریک کا جیولین تھرو کے لیے مخصوص حصہ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی مسلسل ٹریننگ کی وجہ سے گھس گیا تھا۔
ٹارٹن ٹریک کے اس حصے کی خستہ حالی کی وجہ سے جیولین تھرورز کو مشکلات کا سامنا تھا، ایتھلیٹس کی ٹریننگ بھی متاثر ہو رہی تھی اور ساتھ میں انہیں انجرڈ ہونے کا بھی خدشہ تھا۔
چند روز قبل ٹارٹن ٹریک کے حصے کو تبدیل کرنے کا کام شروع کیا گیا تھا جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے۔ جس پر اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم سمیت دیگر جیولین تھرورز اور کوچ سلمان اقبال بٹ نے خوشی کا اظہار کیا۔