• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد خان اور ماہرہ خان کا جلد ٹی وی پر دوبارہ ایک ساتھ نظر آنے کا عندیہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے مقبول اور باصلاحیت اداکار ماہرہ خان اور فواد خان ایک بار پھر بڑے پردے پر ایک ساتھ نظر آئیں گے، دونوں اداکاروں کی نئی فلم نیلوفر 28 نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے، جو دی لیجنڈ آف مولاجٹ کے بعد ان کی مشترکہ واپسی ہے۔

ماہرہ خان اور فواد خان نے حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے ٹی وی پر واپسی، اپنی جوڑی کی مقبولیت اور فلم نیلوفر سے متعلق کھل کر بات کی۔

فواد خان نے ’فاہیرا‘ جوڑی کے جنون کے بارے میں کہا کہ میں سوشل میڈیا پر نہیں ہوں، اس لیے فینز کی توقعات سے زیادہ واقف نہیں، مگر میں اس غیر معمولی مقبولیت سے ضرور آگاہ ہوں۔

ماہرہ خان نے کہا کہ میں ہی وہ ہوں جو فواد کو فینز کے اسکرین شاٹس بھیجتی ہوں، ہم نے ایک ساتھ بہت کم کام کیا ہے مگر اس کے باوجود لوگ ہمیں اتنا پسند کرتے ہیں، جس پر ہم خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں، ہمسفر کو تقریباً 15 سال ہوچکے ہیں، پھر مولاجٹ اور اب نیلوفر آ رہی ہے، اس لیے یقینی طور پر بڑے معیار کی توقع کی جا رہی ہے۔

معروف ڈرامہ ہمسفر کے وائرل سین کے بارے میں فواد خان نے بتایا کہ وہ سین میں نے خود تخلیق کیا تھا اور مجھے یقین تھا کہ وہ منظر مقبول ہوگا۔ 

ماہرہ خان نے بتایا کہ بالوں کی پن ان کا اپنا انداز تھا جو سین میں بہت خوبصورتی سے فٹ بیٹھ گیا۔

فلم نیلوفر کی کاسٹنگ سے متعلق فواد خان نے بتایا کہ ماہرہ خان ڈائریکٹر عمار کا اولین انتخاب تھیں، ماہرہ کی بدقسمتی یہ تھی کہ وہ خود فلم کے پروڈیوسر بھی بن گئے، ماہرہ نے کہا کہ نیلوفر کا کردار میرے لیے قدرتی محسوس ہوا۔

پروڈیوسر کی حیثیت سے بات کرتے ہوئے فواد خان نے کہا کہ میں تھوڑا مشکل پروڈیوسر ہوں، مگر ماہرہ کے لیے ہمیشہ نرم رویہ رکھتا ہوں۔

 ماہرہ نے کہا کہ فواد کے سیٹ پر کام کرنا خوشگوار تجربہ ہے اور وہاں کا کھانا بہترین ہوتا ہے۔

ٹی وی پر دوبارہ آنے سے متعلق دونوں نے وعدہ کیا کہ وہ جلد ایک ساتھ ٹی وی پر بھی نظر آئیں گے۔

 ماہرہ نے کہا کہ میں پروڈکشن کی ذمہ داری لوں گی جبکہ فواد نے اچھے اسکرپٹ کی شرط رکھی۔

فواد نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر میں زندہ رہا اور ریٹائر نہ ہوا تو ضرور کروں گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید