• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

98 فیصد کام مکمل، شاہراہ بھٹو دسمبر یا جنوری میں کھول دی جائے گی، وزیراعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہراہ بھٹو(ملیر ایکسپریس وے)کا 98فیصد فزیکل ور ک مکمل،دسمبر یا جنوری میں کھول دیا جائے گا کریم آباد انڈر پاس کا 85 فی صد کام مکمل ہو گیا نڈر پاس کاوزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انفرااسٹرکچر کے تین اہم منصوبوں کورنگی کاز وے، شاہراہ بھٹو اور کریم آباد انڈر پاس کے کام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کام کے بہتر معیار اور دن رات کام کے واضح احکامات جاری کئے۔ وزیرا علیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن اور سید ناصر شاہ کے ساتھ ساتھ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری پوری توجہ عوامی مسائل کے فوری حل اور تمام تر رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانا ہےکہ شہریوں کو بغیر کسی تکلیف کے نقل و حرکت کی سہولتیں میسر آسکیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دورے کا آغاز کورنگی کاز وے کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کیا،وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات ناصر شاہ کو فوری طور پر عملہ اور آلات کی فراہمی کو بڑھانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ کام پر پوری قوت صرف کی جائے اورکام کوحصوں میں تقسیم کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس میں زیادہ وقت لگ جاتا ہے مجھےباقاعدہ پائیدار انداز میں کام ہوتا ہوا نظر آنا چاہئے ۔ مرادعلی شاہ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ بہتر کوآرڈی نیشن کی ضرورت پر زور دیا اور کاز وے کے مکمل فعال ہونے تک شہریوں کو آسان و متبادل راستہ فراہم کرنے ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مرغی خانہ تا سموں گوٹھ شاہراہ بھٹو پر 15 کلومیٹر طویل سیکشن مرغی خانہ کے کام کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے مکمل شدہ حصوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ شاہراہ بھٹو شہر کے لوگوں کے لئے ایک اہم راہداری ہے، باقی ماندہ کام کو جلد مکمل کریں تاکہ اسے دسمبر 2025 یا جنوری 2026 تک عوام کے لئے مکمل طور پر کھولا جاسکے ۔مرادعلی شاہ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر سائن بورڈ کی تنصیب اور لینڈا سکیپنگ کا کام شروع کریں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر ہونا چاہئے اور عوام کو اس سیکشن کے کھلتے ہی فرق محسوس ہونا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کے افتتاح سے قبل میں اس کی فائنل کوالٹی ضرور چیک کروں گا۔
اہم خبریں سے مزید