کراچی (مطلوب حسین /اختر علی اختر) آرٹس کونسل کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچرل فیسٹیول2025“ کے 17ویں روز کا آغاز ہانگ کانگ کی معروف رقاصہ انیشا تھائی کی ڈانس ورکشاپ سے کیاگیا جبکہ ”فلم اسکریننگ“ میں ترکیہ، ایران، سوڈان، بحرین اور مصر کی جانب سے 5 مختصر فلمیں دکھائی گئیں۔ملکی و بین الاقوامی فنکاروں کی ڈانس پرفارمنس نے دھوم مچا دی،فلپائن کا لوک ڈانس توجہ کا مرکز رہا۔ Soky پروڈکشن (ناروے) کی جانب سے تھیٹر پلے ”Didnʼt Know That About You“ پیش کیا گیا۔ ”ڈانس نائٹ 2.0“ میں ہانگ کانگ، فلپائن اور پاکستان کے فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ ہانگ کانگ سے آئی Anisha Thai کے ساتھ ڈانس ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا جس میں طلباءنے اعضا کی شاعری کرتے ہوئے رقص کے مختلف انداز سیکھے۔ اس موقع پر معروف رقاصہ انیشا تھائی نے کہاکہ ڈانس میں حوصلہ اور جو ش بہت ضروری ہے،ہم جب ایک دوسرے کو توانائی دیتے ہیں تو رقص میں نئی جان پیدا ہوتی ہے۔فیسٹیول میں” Middle East Shorts Showcase“ کے نام سے ”فلم اسکریننگ“ میں ایران کی جانب سے ڈراؤنی فلم ”Head Eaters“ پیش کی گئی جس کے ڈائریکٹر Pedram Gharehbaghi تھے۔ ترکیہ کی جانب سے Kabuk (The Shell) پیش کی گئی جس کی ڈائریکٹر Sema gularتھیں۔سوڈان سے ڈائریکٹر Ishaa کی فلم ”Pray of Dinner“ ایک بھرے خاندان کے کھانے کا دلچسپ اور مختصر تعارف، تعلقات، بات چیت اور روزمرہ کی زندگی کی جھلک پیش کرتی نظر آئی۔ بحرین کی جانب سے مزاح سے بھرپور فلم ”A Beautiful Excuse For A deadly Skin“ پیش کی گئی جس کے ڈائریکٹر Hashim Sharafتھے۔مصر نے فلم At the end of the Day پیش کی جس کے ڈائریکٹر John Shehata تھے۔