• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”پاکستان آئیڈل“ میں موسیقی کا نیا انقلاب آرہا ہے، فواد خان

کراچی (انٹرویو: محمد ناصر) اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ ’’پاکستان آئیڈل‘‘ میں موسیقی کا نیا انقلاب آرہا ہے۔ اداکاری کے بعد بطور جج نیا سفرشروع کردیا، دور دراز علاقوں سے گائیکی کے ہیرے نکل رہے ہیں تفصیلات کے مطابق پاکستان آئیڈل کے جج اور عالمی شہرت یافتہ اداکار فواد خان نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ دس برس بعد ”پاکستان آئیڈل“ ایک بار پھر پاکستان میں واپس آیا ہے اور یہ دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ ایسے گلوکار بھی یہاں پہنچے ہیں جن کے شہروں میں دور دور تک کوئی میوزک انسٹیٹیوٹ تک موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ ”پاکستان آئیڈل“ میوزک کا سب سے بڑا اسٹیج ہے جو پاکستان کی بہترین آوازوں کو دنیا کے سامنے لانے کا شاندار موقع فراہم کر رہا ہے۔ یہاں ہر امیدوار کے درمیان زبردست مقابلہ ہے اور سب کو یکساں موقع دیا جا رہا ہے۔فواد خان کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستانی ڈرامے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں، اُسی طرح ہمارا میوزک بھی ہماری بڑی طاقت ہے۔ ان کے مطابق، پاکستان آئیڈل جیسے پلیٹ فارم سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا جو ہمارے میوزک کو مزید پالش کر کے عالمی سطح پر روشناس کرائے گا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ گلوکار پرانے مشہور گانے گا رہے ہیں، کیا انہیں اپنے گانے نہیں بنانے چاہئیں؟تو فواد خان نے مسکراتے ہوئے کہا،یہ تو ابھی شروعات ہے، یہاں کچھ ایسے بچے بھی آئے ہیں جنہوں نے زندگی میں پہلی بار مائیکروفون دیکھا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جب یہ پلیٹ فارم انہیں تراشے گا تو وہ دنیا بھر میں کمال دکھائیں گے۔ʼانہوں نے تسلیم کیا کہ جدید ٹیکنالوجی نے موسیقی میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔فواد خا ن نے کہا کہ ”یہ درست ہے کہ آج بڑے بڑے آرٹسٹ بھی اپنی آواز اسٹوڈیوز میں ٹیون کرتے ہیں، ری ٹیک کا مارجن بھی ہوتا ہے البتہ پرانے دور میں یہ سہولت نہیں تھی۔ اب اگر ٹیکنالوجی سے آواز میں نکھار آتا ہے تو اسے استعمال کرنا عیب نہیں، بلکہ مہارت ہے۔اداکاری اور گائیکی کے ملاپ پر گفتگو کرتے ہوئے فواد خان نے کہا کہ زندگی کے مختلف مراحل میں بہت کچھ نیا سیکھنے اور کرنے کا موقع ملتا ہے۔میوزک لکھنا آج بھی میرا شوق ہے، میں اکثر نئے بینڈز سے بات چیت کرتا رہتا ہوں۔
اہم خبریں سے مزید