راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) خسرہ سے متاثرہ ٹاپ ٹین ممالک میں15683 کیسز کیساتھ یمن پہلے، 12732کیسز کےساتھ پاکستان دوسرے اور10299کیسز کیساتھ انڈیا تیسرے نمبر پر ہے۔ چوتھے نمبر پر کرغستان 8497 افغانستان7615، ایتھوپیا 5370، رومانیہ4739، نائیجیریا3395، کینڈا3053اوردسویں نمبر پر 2781کیسز کیساتھ رشیئن فیڈریشن ہے۔ پاکستان میں انسداد خسرہ / روبیلا بارہ روزقومی مہم آج(پیر) سے شروع ہورہی ہے۔جس کےدوران چھ ماہ سےپانچ سال تک کی عمر کےبچوں کوخفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔جبکہ انسداد خسرہ مہم کےدوران راولپنڈی کی 133حساس یونین کونسلوں میں پانچ سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین بھی دی جائے گی۔ انسداد خسرہ مہم کے دوران راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 70 لاکھ بچوں کو خسرہ/روبیلا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔جس کے لئے صوبہ بھر میں 14 ہزار 449 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ضلع راولپنڈی میں 8لاکھ 22ہزار 767 بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکوں کے لئے 217 فکس ٹیموں سمیت 700 سے زائدموبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انسداد خسرہ مہم کے سلسلے میںحکومت پنجاب کے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی) اور یونیسیف کے تعاون سے راولپنڈی میں آگاہی سیشن ہوا۔