لاہور(مقصود اعوان سے)پنجاب میں لاہور سمیت قومی اور صوبائی اسمبلی کے 13حلقوں میں ہونیوالے آئندہ ضمنی انتخابات زیادہ تر حلقوں میں پرانے سیاسی حریف امیدوار ہی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گےان میں قومی اسمبلی کے6اور صوبائی اسمبلی کے 7حلقوں سے مجموعی طور پر ایک سو سے زائد میں24امیدوار کاتعلق مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے ہے جبکہ ان کے مقابلے میں78آزادامیدوار انتخابی دنگل میں موجود ہیں،پولنگ اتوار23نومبرکو ہوگی۔ این اے 129 لاہور میں سابق گورنر میاں محمد اظہر کے انتقال سے خالی ہوئی قومی اسمبلی کی نشست پر مسلم لیگ ن نے حافظ محمد نعمان کو اپنے پرانے سیاسی حریف کے مقابلے میں ایک بار پھر پارٹی ٹکٹ دے کر انتخابی میدان میں اتارا ہے ان کا اصل مقابلہ سابق گورنر میاں محمد اظہر کے نواسے اور سابق وفاقی وزیر میاں حماد اظہر کے بھانجے آزادامیدوار میاں ارسلان سے ہوگا جن کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہوگی این اے 185 میں ڈیرہ غازی خان کے پرانے سیاسی حریف لغاری اور کھوسہ خاندانوں اور حکمران اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں سردار محمود قادر لغاری اور سابق وزیرِِاعلٰی اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے این اے 96 فیصل آباد میں مسلم لیگ ن نے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے بھائی بلال بدر کو ٹکٹ دیا ہے ان کے مقابلے میں ان کے سیاسی حریف سابق رکن قومی اسمبلی نواب شیر وثیر آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں موجود ہیں این اے 104فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے دانیال اور رانا عدنان جاوید سمیت 5 امیدوار سامنے آئے ہیں۔ این اے 143 ساہیوال سے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی چوہدری ارشد کے بھائی چوہدری محمد طفیل کا آزاد امیدوار سردار اکبر چوہدری سے ون ٹو ون مقابلہ ہو گا ،جبکہ ساہیوال کے صوبائی حلقہ پی پی 203 سے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی ارشد چوہدری کے دوسرے بھائی محمد حنیف کو صوبائی ٹکٹ دیا ہے ان کا بھی آزاد امیدوار ملک شیر سے ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔