اسلام آباد(فاروق اقدس) وقت پر اسلحہ کیوں نہیں ملتا، بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف نے شکایتوں کے انبار لگادیئے، انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی دفاعی صنعت اگر اپنی کمزوریوں کو چھپاتی رہے گی تو ملک پائیدار دفاعی خودکفالت حاصل نہیں کر سکے گا،بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ملک کی دفاعی صنعت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ۔جنرل انیل چوہان نے کہا کہ بھارتی فوج کو مسلسل اسلحہ اور ساز و سامان وقت پر فراہم نہیں کیا جاتا، جس سے ”میک اِن انڈیا“ دفاعی پروگرام کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں۔بھارتی اخبار دی پرنٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ دفاعی کمپنیوں کے روئیےنے انہیں میڈیا کے سامنے آکر قوم پرستی کی دہائی دینے پر مجبور کر دیا ،جنرل انیل چوہان نے کہا کہ بھارتی فوج کئی برسوں سے یہ شکایات کر رہی ہے کہ مقامی دفاعی صنعت کیے گئے معاہدوں کے باوجود وقت پر ڈیلیوری نہیں کرتی،ان کے مطابق آپ معاہدے کرتے ہیں اور وقت پر ڈیلیور نہیں کرتے، یہ ہماری صنعتی صلاحیت کا نقصان ہے۔