اسلام آباد(جنگ نیوز/آئی این پی )وفاقی دارالحکومت میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر خودکش حملہ آور کے گرفتار سہولت کار اور ہینڈلر نے تحقیقات میں اہم انکشافات کیے ہیں۔ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آورنے جوڈیشل کمپلیکس سے پہلے فیض آباد ناکے کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی‘ خودکش حملہ آور فیض آباد ناکے پر حملے کے لیے پہنچ چکا تھا۔ تفتیشی ذرائع کا بتانا ہے کہ دھماکا کرنے کی کوشش کے دوران خودکش حملہ آور بارودی مواد کی پن نہ نکال سکا، ملزم کو دھماکا کرنے میں ناکامی ہوئی، پن نہ نکلنے پر ملزم واپس راولپنڈی چلاگیا۔آئی این پی کے مطابق حملہ آور نے کچہری دھماکے سے قبل بھی خود کو اڑانے کی کوشش کی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نے26نمبرچونگی پر اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، پہلا حملہ ناکام ہونے پر پلان کو تبدیل کردیا گیا تھا اور ملزمان ڈھوک پراچہ میں ہی کرائے کے گھر میں رپوش ہوگئے تھے۔