سجاول (نامہ نگار) ضلع سجاول کے شہر دڑو میں افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لائی گئی خاتون جانبر نہ ہو سکی، اور انتظامیہ کی جانب سے ایمبولنس نہ ملنے پر ورثاء کو میت چنگ چی رکشا میں گھر لے جانا پڑا۔ واقعے کی ویڈیو سامنے انے کے بعد لوگوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے۔ دڑو کے رورل ہیلتھ سینٹر میں خاتون زلیخان زوجہ محمد حسن کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث لایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ ان کے شوہر محمد حسن کا کہنا ہے کہ میت گھر لے جانے کے لیے ایمبولنس کی درخواست کی، لیکن ہمیں بولا گیا کہ ایمبولینس نہیں ہے۔ ورثاء کے مطابق مجبوراً میت کو چنگ چی رکشا میں گاؤں منتقل کرنا پڑا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ورثاء کی بے بسی واضح دیکھی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب انچارج ایم ایس آر ایچ سی دڑو ڈاکٹر ابراہیم میمن کا کہنا ہے کہ اسپتال کی واحد ایمبولنس طویل عرصے سے ناکارہ ہے اور مرمت نہ ہونے کے باعث استعمال کے قابل نہیں۔ شہریوں نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسپتال میں بنیادی سہولیات کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔